شعبہ انسٹیٹیوٹ برائے نابینا افراد، جو حرم مقدس حسینی سے منسلک ہے، نے اعلان کیا ہے کہ عراق کے سات صوبوں میں موجودانسٹیٹیوٹ اور ایک ہائی اسکول نور الإمام علي (عليه السلام) کے طلبہ نے تعلیمی سال (2024-2025) کے نصف سالانہ امتحانات کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ اقدام نابینا اور کمزور نظر والے طلبہ کے لیے ایک مثالی تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
شعبہ کے معاون مسؤول احمد راضی نے بتایا کہ "حرم مقدس حسینی کے انسٹیٹیوٹ کے طلبہ اور نور الإمام علي (عليه السلام) کے طلبہ نے تعلیمی سال (2024-2025) کے نصف سالانہ امتحانات شروع کر دیے ہیں۔"
انہوں نے وضاحت کی کہ "شعبہ نے امتحانات کی تمام تیاریاں پہلے سے مکمل کر لی تھیں۔ ان تیاریاں میں مکمل طور پر تیار شدہ امتحانی ہالز، طلبہ کے لیے مفت نقل و حمل کی سہولت، اور دیگر ضروری لوجسٹک و تکنیکی سہولیات کی فراہمی شامل تھی، تاکہ امتحانات کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔"
مزید بتایا کہ "معاہد مکفوفین میں استعمال ہونے والا نصاب وزارت تعلیم عراق کے نصاب کے مطابق ہے، البتہ نابینا طلبہ کو ریاضی، ڈرائنگ، اور املا جیسے مضامین کے امتحانات سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔" انہوں نے کہا کہ امتحانات کے دوران طلبہ کے ساتھ ایک استاد موجود ہوتا ہے جو سوالات پڑھتا اور ان کے جوابات لکھتا ہے۔ یہ طریقہ کار وزارت تعلیم کی طرف سے منظور شدہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "امتحانات کا مقصد طلبہ کو سرکاری وزارتی امتحانات کے لیے تیار کرنا ہے، تاکہ وہ سرکاری امتحانات کے نظام اور طریقہ کار سے ہم آہنگ ہو سکیں۔
احمد راضی نے کہا کہ یہ اقدامات حرم مقدس حسینی کے تعلیمی ویژن کا حصہ ہیں، جو ملک بھر میں نابینا کے لیے خصوصی انسٹیٹیوٹ قائم کر کے انہیں مکمل تعلیمی حقوق فراہم کرتی ہے۔ ان خدمات میں مفت تعلیم، نقل و حمل، اور دیگر لوجسٹک سہولیات شامل ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حرم مقدس حسینی کے متولی شیخ عبد المہدی الكربلائي،بینائی سے محروم افراد کے لیے معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں، تاکہ یہ طبقہ معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ حرم مقدس حسینی، اعلیٰ دینی مرجعیت کے نمائندے، شیخ عبد المہدی الكربلائي کی ہدایات کے مطابق، عراقی معاشرے کے مختلف طبقات، بالخصوص بینائی سے محروم اور کمزور نظر والے افراد، کو خصوصی توجہ دیتی ہے۔ حرم مقدس حسینی ان افراد کے لیے وزارت تعلیم کے نصاب کو بریل زبان میں ترجمہ کر کے تعلیم فراہم کرتی ہے، اور اس نے اس طبقے کے طلبہ کو یونیورسٹی کی تعلیم مکمل کرنے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔