وارث الانبیاء علیہ السلام یونیورسٹی میں بعد ظھر تدریسی نظام کی منظوری

وارث الانبیاءعلیہ السلام یونیورسٹی جو کہ حرم مقدس حسینی کے ما تحت ہے، نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے دو کالجز میں بعد ظہر کلاسز کے ذریعے تعلیم شروع کرنے جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے نئے تعلیمی سال کے استقبال کے لیے تمام تیاریوں کی تکمیل کا بھی اعلان کیا ہے۔

یونیورسٹی کے علمی امور کے معاون مدیر ڈاکٹر واقد الموسوی نے کہا کہ وارث الانبیاءعلیہ السلام یونیورسٹی اگلے تعلیمی سال میں کالج آف میڈیا کے ڈیجیٹل میڈیا شعبے اور کالج آف انجینئرنگ کے پیٹرولیم انجینئرنگ شعبے میں بعد ظہرکلاسز کے ذریعے تعلیم شروع کرنے کی آخری منظوری کا انتظار کر رہی ہے۔" انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ یونیورسٹی کے لیے ایک اہم اضافہ ہوگا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ آنے والے تعلیمی سال کے لیے تیاریوں کے ضمن میں یونیورسٹی نے تمام شعبوں کے لیے علمی اسناد والے تدریسی عملے کو تیار کیا ہے۔

ڈاکٹر الموسوی نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی نے حال ہی میں تمام تدریسی کمرے مکمل طور پر تیار کیے ہیں، اور ان کمرے میں تدریس کے لیے تمام ضروری سامان فراہم کیا ہے۔ اس کے ساتھ گذشتہ سال کے نئے شعبوں جیسے پیٹرولیم انجینئرنگ اور ایئرکرافٹ انجینئرنگ کے لیے کچھ جدید لیبارٹریز بھی شامل کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس سال طلباء کی تعداد میں اضافہ ہوگا کیونکہ گزشتہ سال کے نئے علمی شعبے اور اس سال کے نئے شعبے موجود ہیں۔ انہوں نے مزید اشارہ دیا کہ ہم کچھ منصوبوں پر کام کر رہے ہیں جو آنے والے سالوں میں مکمل ہوں گے، جن میں طب کے کالج کے لیے تعلیمی اسپتال شامل ہے، جو عراق کے طب کے کالجوں میں پہلا تعلیمی اسپتال ہوگا۔

یاد رہے کہ جامعہ وارث الانبیاء علیہ السلام یونیورسٹی نے اس سال بہت سے نئے سائنسی اور تعلیمی شعبے شروع کیے ہیں، جو ملک میں تعلیمی شعبے کو فروغ دینے کی ایک کوشش ہے۔