سیکریٹری جنرل حرم مقدس حسینی: امام حسینؑ کی تعلیمات رواداری، انسانی بقائے باہمی اور قومی اتحاد کے فروغ کا جامع منشور ہیں

حرم مقدس حسینی کے سیکریٹری جنرل جناب حسن رشید جواد العبایجی نے کہا ہے کہ امام حسین علیہ السلام کے کردار سے ظاہر ہونے والے اصول اور اقدار ایک جامع انسانی منشور کی حیثیت رکھتے ہیں، جو بقائے باہمی، رواداری اور قومی شناخت کے استحکام کے ساتھ معاشروں کو اعلیٰ انسانی اقدار کی بنیاد پر متحد کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار حرم مقدس حسینی کے شعبۂ ابلاغ کے زیرِ اہتمام منعقدہ دوسرے عراقی۔تونسی ثقافتی فورم میں شرکت کے دوران کیا۔

سیکریٹری جنرل نے سرکاری ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی تحریک اور ان کے تاریخی موقف کو یاد کرنا حق، اصلاح، استقامت اور قربانی جیسی اقدار کو تازہ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ امام حسین علیہ السلام اپنے جدِ بزرگوار حضرت رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام کا تسلسل ہیں، جنہوں نے امت کی اصلاح اور انحراف کے مقابلے میں عظیم ترین قربانی پیش کی، تاکہ آپؑ کے اصول و تعلیمات آنے والی نسلوں کے دلوں میں زندہ رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیارتِ اربعین انسانی بقائے باہمی کی ایک مکمل اور مثالی تصویر پیش کرتی ہے، جہاں مختلف ممالک اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد جمع ہوتے ہیں اور مذہبی و مسلکی اختلافات سے بالاتر ہوکر تعاون، ہمدردی اور خدمت کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ یہ منظر امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات میں موجود اعلیٰ انسانی اقدار کی عملی عکاسی کرتا ہے۔

جناب العبایجی نے بتایا کہ حرم مقدس حسینی انہی اصولوں اور تعلیمات کی روشنی میں صحت، تعلیم، ثقافت اور خاندانی رہنمائی کے شعبوں میں مختلف خدماتی اور انسانی فلاح کے منصوبے انجام دے رہا ہے، جن میں اسپتالوں، جامعات، اسکولوں اور خصوصی مراکز کا قیام شامل ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کا بنیادی مقصد انسانیت کی خدمت اور معاشرتی حالات کو بہتر بنانا ہے، نہ کہ منافع کمانا یا سرمایہ کاری کے مقاصد حاصل کرنا۔

انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ یہ تمام منصوبے نجف اشرف کی اعلیٰ دینی مرجعیت، بالخصوص آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) کی ہدایات کی روشنی میں انجام دیے جا رہے ہیں۔ مرجعیت نے ایسی انسانی اور معاشرتی اقدار کی بنیاد رکھی ہے جنہوں نے عراقی معاشرے کے تحفظ، قومی اتحاد کے فروغ اور عراق کو درپیش سلامتی و فکری چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عراقی۔تونسی ثقافتی فورم دونوں برادر ممالک کے درمیان رابطوں اور ثقافتی تبادلے کو مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع ہے، جو فکری، ثقافتی، روحانی اور عقائدی شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے اور مشترکہ انسانی و دینی اقدار کو مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ دوسرا عراقی۔تونسی ثقافتی فورم ’’معاشرتی بقائے باہمی کے تحفظ اور قومی شناخت کے استحکام میں دینی اداروں کا کردار‘‘ کے عنوان سے منعقد کیا گیا۔ اس فورم کا اہتمام حرم مقدس حسینی کے شعبۂ ابلاغ سے وابستہ مرکز برائے بین الاقوامی ابلاغ نے کیا، جس میں تیونس کی ثقافتی اور صحافتی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

فورم کا مقصد ثقافتی مکالمے اور باہمی تبادلے کو فروغ دینے کے ساتھ معاشرتی ہم آہنگی اور قومی شناخت کے استحکام میں دینی اداروں کے کردار کو اجاگر کرنا تھا۔

منسلکات