حرم مقدس حسینی کے ماتحت ادارہ وارث انٹرنیشنل کینسر سینٹر نے 11 سالہ بچی کی بیماری کی دوبارہ جانچ اور تشخیص کے بعد اہم طبی پیش رفت کا اعلان کیا ہے۔ بچی کو ابتدائی تشخیص میں ٹانگ کی ہڈی کے سرطان (Osteosarcoma) میں مبتلا قرار دیا گیا تھا، تاہم دوبارہ طبی معائنے سے معلوم ہوا کہ اسے سرطان نہیں بلکہ ہڈیوں کی ایک غیر سرطانی بیماری لاحق ہے۔
ادارے کی جانب سے کردہ بیان میں بتایا گیا کہ بچی نے ابتدائی تشخیص کی بنیاد پر کیموتھراپی کا علاج شروع کر دیا تھا، تاہم طبی ٹیم نے علاج جاری رکھنے سے قبل اس کی بیماری کا دوبارہ معائنہ اور تشخیص کی تصدیق کرنے کا فیصلہ کیا۔
بیان کے مطابق شعبۂ امراضِ بافت (پیتھالوجی) کی ٹیم نے ٹشو کے نمونوں کا دوبارہ معائنہ کیا اور جدید امیونولوجیکل ٹیسٹ کیے، جن میں سرطان یا خبیث خلیات کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ مزید جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ بچی کو ہڈیوں کی ایک غیر سرطانی بیماری لاحق ہے، جسے طبی اصطلاح میں (Osteofibrous Dysplasia) کہا جاتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ نتائج کی تصدیق کے لیے بچی کی دوسری بایوپسی بھی کی گئی، جس کے نتائج نے دوبارہ ثابت کیا کہ زیرِ معائنہ بافتوں میں سرطان کے خلیات موجود نہیں ہیں۔ اس کے نتیجے میں مریضہ کے علاج کا طریقۂ کار تبدیل کرتے ہوئے اسے ہڈیوں کے سرطان کے بجائے ایک غیر سرطانی ہڈیوں کی بیماری کے طور پر دیکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ پیش رفت ادارہ وارث انٹرنیشنل کینسر سینٹر کی جانب سے طبی تشخیص کی درستگی کو یقینی بنانے اور پیچیدہ بیماریوں کے کیسز کا ازسرِنو جائزہ لینے کی کوششوں کا حصہ ہے، تاکہ بیماری کی اصل نوعیت کا تعین کرکے مریضوں کے لیے مناسب ترین علاج کا انتخاب کیا جا سکے۔
