حرم مقدس حسینی کے سیکرٹری جنرل جناب حسن رشید جواد العبایجی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ قرآن کریم دین تک پہنچنے کا راستہ اور زندگی کا دستور ہے، جبکہ قرآنی تعلیم و تربیت معاشرے کی تعمیر اور اسے محفوظ مستقبل کی جانب لے جانے کا درست منہج ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے شہر قم میں حرم مقدس حسینی کے زیر اہتمام منعقدہ قرآنی تدبر کورس میں شرکت کرنے والے عراق کے مقدس مقامات اور زیارت گاہوں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ بین الاقوامی قرآنی تبلیغی مرکز قرآن کریم کی تعلیمات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں قرآنی اور علمی شخصیات کو مدعو کرکے علومِ قرآن کے فروغ اور تدبر، تلاوت اور حفظِ قرآن کے پروگراموں کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے عراق، ایران اور لبنان میں اعلیٰ علمی سطح کے خصوصی تربیتی کورسز منعقد کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حرم مقدس حسینی قرآنی سرگرمیوں اور اہلِ قرآن کی جانب سے رضاکارانہ طور پر پیش کی جانے والی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، کیونکہ یہ سرگرمیاں ایسی نسل اور معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جو قرآن کریم کو اپنی ترجیحات اور علمی و تربیتی رہنمائی کا بنیادی سرچشمہ بنائے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ قرآن کریم دین تک پہنچنے کا راستہ اور زندگی کا دستور ہے، جبکہ قرآنی تعلیم و تربیت معاشرے کی تعمیر، اسے محفوظ منزل تک پہنچانے اور ان اقدار و اصولوں کو مستحکم کرنے کا صحیح منہج ہے جو افراد اور معاشروں کی زندگی کو منظم کرتے ہیں۔
