حرم مقدس حسینی کے شعبہ مینٹیننس کے تکنیکی اور انجینئرنگ عملے نے اعلیٰ مذہبی مرجعیت کے نمائندے شیخ عبد المہدی الکربلائی کی ہدایات کی روشنی میں، بوبیات کے علاقے میںتیسرے واٹر سپلائی پروجیکٹ پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پانی کی فراہمی کے نظام کو مستحکم کرنا اور پانی کی کمی کو دور کرنا ہے، بالخصوص پرانے شہر اور روضہ مبارک کے قریبی علاقوں میں۔
شعبے کے سربراہ انجینئر عبد الحسن محمد مظلوم نے بتایا کہ "تکنیکی اور انجینئرنگ عملے نے تیسرے حرمین واٹر سپلائی پروجیکٹ کے کاموں کا آغاز کر دیا ہے، جو کربلا معلیٰ کے پانی کے نظام کو سہارا دینے اور حرم مقدس حسینی، پرانے شہر، نیز حسینی مواکب اور انجمنوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک اہم خدماتی منصوبہ ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "یہ منصوبہ حرم مقدس حسینی کے متولی شرعی کی ہدایات کے تحت، اور واٹر سپلائی کے منصوبوں کو وسعت دینے اور فراہمی کی صلاحیت بڑھانے کے ایک جامع پلان کے حصے کے طور پر شروع کیا جا رہا ہے، تاکہ شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکے، خصوصاً مذہبی ایام اور زیارات کے دوران جب لاکھوں زائرین تشریف لاتے ہیں۔"
انہوں نے وضاحت کی کہ "تیسرا حرمین واٹر سپلائی پروجیکٹ حرم مقدس حسینی، پرانے شہر، قریبی گلیوں اور روضہ مبارک کے ملحقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی میں اضافہ کرے گا، اس کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں قائم حسینی مواکب اور انجمنوں کو بھی پانی فراہم کرے گا، جس سے ملینز زیارات کے دوران زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار مزید بہتر ہوگا۔"
ان کا کہنا تھا کہ "اس منصوبے کے نمایاں مقاصد میں پانی کی فراہمی کی کمی کو پورا کرنا، موجودہ سپلائی نیٹ ورک پر دباؤ کم کرنا، اور زیادہ باقاعدگی اور تسلسل کے ساتھ پانی پہنچانے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے، بالخصوص رش کے اوقات میں جب پانی کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے۔"
انہوں نے اشارہ کیا کہ "منصوبے کے کاموں میں واٹر سپلائی سسٹم کے لیے درکار بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی تیاری، اور مقررہ تکنیکی معیارات کے مطابق متعلقہ پائپ لائنز اور نیٹ ورکس بچھانا شامل ہے، جس کی تمام مراحل پر شعبہ مینٹیننس کے انجینئرز کی جانب سے فیلڈ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ اسے جلد از جلد آپریشنل کر کے موجودہ نیٹ ورک کو مضبوط کیا جا سکے۔"
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ "یہ منصوبہ ان خدماتی منصوبوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جن پر حرم مقدس حسینی کی جانب سے کام جاری ہے تاکہ ایسا پائیدار بنیادی ڈھانچہ قائم کیا جا سکے جو زائرین کی بڑی تعداد کی ضروریات پوری کر سکے۔ نیز زیارتِ اربعین کی تیاری ان خدماتی منصوبوں کی تکمیل میں اولین ترجیح کی حیثیت رکھتی ہے، جس سے زائرین اور اہل شہر کو دی جانے والی خدمات کا معیار بلند ہوگا۔"
