حرم مقدس حسینی کے شعبہ برائے فکری و ثقافتی سرگرمیاں نے مزارِ سعد بن عقیل (علیہ السلام) کے باہمی تعاون سے صوبہ نینویٰ کے ضلع تلعفر میں ایک مرکزی مجلسِ عزا کا انعقاد کیا، جو پیغمبرِ اعظم حضرت محمد مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ وآلہ) کی شہادت کی یاد میں منعقد کی گئی۔ اس مجلس میں مذہبی، سماجی، اور حکومتی شخصیات سمیت اہلِ علاقہ نے بھرپور شرکت کی۔
شعبے کے سربراہ شیخ خلیل العلیاوی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس مجلس میں خطیبِ حسینی سید منتظر الحیدری اور مرثیہ خواں ملا وسام الشیبانی نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرجعیتِ دینیہ کے نمائندے سید حسین اصلان، ممتاز علمائے کرام، معززینِ علاقہ، سرکاری و سماجی شخصیات اور تلعفر کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے مومنین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مجلس میں رسولِ اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی سیرتِ طیبہ، اسلام کی بنیادوں کو مستحکم کرنے اور انسانیت کو گمراہی کی تاریکیوں سے نکال کر ہدایت کے نور کی طرف لانے میں آپؐ کے بنیادی کردار کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ان تمام اقدار اور اصولوں پر قائم رہنے کی اہمیت پر زور دیا گیا جو نبی کریمؐ کی عملی زندگی کا مظہر اور پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
حرم مقدس حسینی عراق کے مختلف صوبوں میں دینی مناسبات کے احیاء اور فکری و ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ سماجی رابطوں کو فروغ دیا جا سکے، اہلِ بیت (علیہم السلام) کی ثقافت کو مستحکم کیا جائے اور عراقی عوام کے درمیان باہمی اتحاد و بھائی چارے کی اقدار کو پروان چڑھایا جا سکے۔
