خواتین کے لیے جدید طبی سہولیات کا سلسلہ: حرم مقدس حسینی کے السيدة خديجة الكبرى (ع) ویمن اسپیشلائزڈ ہسپتال میں 'ڈینٹل امپلانٹیشن' (دانتوں کی پیوند کاری) کے شعبے کا افتتاح

حرم مقدس حسینی کے زیرِ انتظام حضرت خدیجہ الکبریٰ (سلام اللہ علیہا) ویمن اسپیشلائزڈ ہسپتال نے خواتین کے لیے اپنی جدید طبی خدمات کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے 'ڈینٹل امپلانٹیشن' (دانتوں کی پیوند کاری) کے شعبے کا افتتاح کر دیا ہے، جس کی تمام تر نگرانی اور علاج ماہر خواتین ڈاکٹرز کی ٹیم کرے گی۔

ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر بیداء ابراہیم سلمان نے بتایا کہ اس شعبے کے تمام علاج اور سرجریز مکمل طور پر ماہر اور تربیت یافتہ خواتین ڈاکٹرز اور عملے کے ہاتھوں انجام پائیں گی، تاکہ بہترین معیارِ علاج کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خواتین کے لیے ایک پرسکون اور سازگار ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس جدید تکنیک کو متعارف کرانے کا بنیادی مقصد مریضات کے ضائع شدہ دانتوں کو دوبارہ لگاکر دانتوں کی قدرتی ساخت، کارکردگی اور خوبصورتی کو بحال کرنا ہے، جس سے منہ کی صحت اور خوبصورتی پر مثبت اثر پڑے گا۔

واضح رہے کہ حضرت خدیجہ الکبریٰ (سلام اللہ علیہا) ویمن اسپیشلائزڈ ہسپتال حرم مقدس حسینی کے بہترین اور منفرد طبی منصوبوں میں سے ایک ہے، جو خواتین کو اعلا ترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل جدید طبی تکنیکوں اور خدمات کو متعارف کرانے کے لیے کوشاں ہے۔