علمی و ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے مقصد سے.. حرم مقدس حسینی کے سیکرٹری جنرل نے ایرانی حوزہ علمیہ خراسان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے

حرم مقدس حسینی کے شعبہ فکری و ثقافتی امور نے ایران کے شہر مشہد میں واقع حوزہ علمیہ خراسان کے ساتھ ایک مشترکہ مفاہمت اور تعاون کی یادداشت پر دستخط کا اعلان کیا ہے۔ یہ تقریب حرم مقدس حسینی کے سیکرٹری جنرل کی موجودگی میں منعقد ہوئی، جس کا مقصد دونوں جانب سے علمی و ثقافتی تعاون کو فروغ دینا اور فکری تبادلے کے شعبوں کو وسعت دینا ہے۔

شعبہ فکری و ثقافتی امور کے سربراہ شیخ علی القرعاوی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "حرم مقدس حسینی کے سیکرٹری جنرل جناب حسن رشید جواد العبایجى نے ایران کے شہر مشہد میں حوزہ علمیہ خراسان کے ساتھ مشترکہ مفاہمت اور تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔"

انہوں نے وضاحت کی کہ "اس یادداشت پر دستخط ایک پہلے سے تیار کردہ حکمت عملی کے تحت کیے گئے ہیں تاکہ حوزہ علمیہ خراسان کے ساتھ علمی و ثقافتی رابطوں کو مضبوط بنایا جا سکے، جس سے دونوں اطراف کے علمی و تحقیقی اداروں کے درمیان تعاون کے شعبوں کو وسیع کرنے میں مدد ملے گی۔"

مزید برآں ان کا کہنا تھا کہ "یہ مفاہمت نامہ شعبہ فکری و ثقافتی امور سے وابستہ تمام مراکز اور شعبہ جات کا احاطہ کرتا ہے، جن میں پیش پیش 'بینہ' سینٹر برائے فکری سلامتی (مرکز بينة للامن الفكري)، مرکزِ احیائے تراث، اور شعبہ تحقیقات کے ساتھ ساتھ دیگر فکری مراکز و شعبہ جات شامل ہیں تاکہ علمی و ثقافتی میدانوں میں باہمی ہماہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔"

انہوں نے مزید بتایا کہ "اس یادداشت کی شقوں میں علمی و تحقیقی اداروں کے درمیان فکری و ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا، ماہرین کی سطح پر دوروں اور تجربات کا تبادلہ، اور حوزہ علمیہ خراسان سے وابستہ مراکز و اداروں کے ساتھ حرم مقدس حسینی کے کتب خانے میں دستیاب جدید مآخذ و منابع اور علمی مقالہ جات کا تبادلہ شامل ہے۔"

یہ یادداشت حرم مقدس حسینی کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد اپنے علمی و ثقافتی کردار کو مضبوط بنانا اور عراق کے اندر و باہر حوزوی، اکادمی اور تحقیقی اداروں کے ساتھ تعاون کا دائرہ وسیع کرنا ہے، تاکہ تجربات و معارف کا تبادلہ ممکن ہو سکے اور مشترکہ علمی و فکری منصوبوں کو ترقی دی جا سکے۔

منسلکات