بڑے توسیعی منصوبے۔۔ حرم مقدس حسینی نے عاشورہ محرم الحرام کے زائرین کے استقبال کے لیے لگ بھگ 100 ہزار (1 لاکھ) مربع میٹر رقبہ تیار کر لیا

حرم مقدس حسینی کے شعبہ توسیعی منصوبہ جات نے عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر زائرین کی کثیر تعداد کو سمونے اور ان کی نقل و حرکت میں بہتر روانی پیدا کرنے کے منصوبے کے تحت، اس جگہ کا اعلان کیا ہے جسے اس سال زیارت کے دوران استعمال میں لایا جائے گا۔

شعبے کے سربراہ انجینئر حسین رضا مہدی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "حرم مقدس حسینی زائرین کو مختلف اقسام کی بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، اور ان خدمات میں سے ایک بڑی تعداد میں زائرین کی گنجائش کے لیے وسیع جگہیں فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی پیدل چلنے اور مراسمِ زیارت، بالخصوص ملین مارچ (زیاراتِ ملیونیہ) کی ادائیگی کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔"

انہوں نے وضاحت کی کہ "عاشورہ محرم الحرام کے مراسم کے دوران جو جگہیں استعمال میں لائی جائیں گی ان میں صحنِ حسینی شریف کے تہہ خانے شامل ہیں جن کا رقبہ 4,000 مربع میٹر ہے، صحنِ عقیلہ زینب (علیہا السلام) کے منصوبے کا ایک حصہ جس کا رقبہ 30,000 مربع میٹر ہے، صحنِ امام حسن (علیہ السلام) کے منصوبے کا ایک حصہ جس کا رقبہ 14,000 مربع میٹر ہے، اور اس کے ساتھ صحنِ رسولِ اعظم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے منصوبے کا ایک حصہ شامل ہے جس کا رقبہ 10,000 مربع میٹر ہے۔ ان تمام اقدامات کا مقصد زائرین کے لیے گنجائش کو بڑھانا اور مراسمِ عزاداری کی ادائیگی کے لیے وسیع رقبہ فراہم کرنا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "یہ تمام جگہیں صحن اور حائرِ حسینی شریف کے موجودہ 36,000 مربع میٹر رقبے میں شامل کی جائیں گی، جس کے بعد عاشورہ محرم کے دوران زائرین کے لیے دستیاب مجموعی رقبہ 94,000 مربع میٹر تک پہنچ جائے گا۔"

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ "حرم مقدس حسینی رقبے میں اضافے کے لیے اپنے منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے، جہاں عاشورہ محرم کی زیارت کے اختتام کے فوراً بعد صحنِ امام حسن مجتبیٰ (علیہ السلام) میں کاموں کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا، تاکہ اربعینِ امام حسین (ع) کی مبارک زیارت کی تیاریوں کے سلسلے میں مزید اضافی جگہیں فراہم کی جا سکیں۔"

واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی توسیعی منصوبوں کی ایک کڑی پر کام کر رہا ہے جو زائرین کی خدمت کرنے اور ركضہ طويريج (طويريج دوڑ) اور ملین مارچ کی زیارتوں کے دوران عزادار مواکب کی نقل و حرکت میں آسانی و روانی کو یقینی بنانے کے اس کے اہداف کا حصہ ہیں۔