مفت علاج اور سپیشلائزڈ خدمات؛ حرم مقدس حسینی کے امام ہادیؑ سینٹر کی جانب سے "سند و عطاء" مہم کے طبی اعداد و شمار کا اعلان

حرم مقدس حسینی کے ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اتھارٹی سے وابستہ "امام ہادی علیہ السلام سینٹر برائے عضلاتی و اعصابی امراض نے "سند و عطاء" نامی فلاحی مہم کے دوران شہریوں کو فراہم کردہ طبی و تشخیصی خدمات اور ہیلتھ کیئر کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ یہ مہم صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے اور تمام شہریوں کو مربوط طبی سہولیات فراہم کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔

مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر صالح الجابری نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ: "حرم مقدس حسینی کے ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اتھارٹی کے زیرِ نگرانی کام کرنے والے امام ہادی علیہ السلام سینٹر برائے عضلاتی و اعصابی امراض نے 'سند و عطاء' مہم کے دوران مریضوں کو دی جانے والی طبی خدمات کی تفصیلات جاری کی ہیں، جو کہ ہیلتھ سیکٹر کی پشت پناہی اور شہریوں کو جامع نگہداشت فراہم کرنے کے لیے ہمارے جاری اقدامات کا حصہ ہیں۔"

انہوں نے وضاحت کی کہ: "او پی ڈی میں 287 مریضوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ ڈسک سلپ کے مریضوں کے لیے فزیو تھراپی اور ری ہیبلیٹیشن کے 140 سیشنز منعقد کیے گئے۔ علاوہ ازیں، مرکز میں موجود مختلف جدید ترین آلات کے ذریعے کیے جانے والے دیگر طریقہ علاج کے سیشنز کی تعداد 792 رہی۔"

انہوں نے مزید کہا کہ: "مرکز مراجعین کو بہترین طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے، اور اس مہم میں مریضوں، بالخصوص ضرورت مند اور سفید پوش طبقے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔"

انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ: "اس مہم کے دوران کیے جانے والے تمام ٹیسٹ، معائنے اور علاج مکمل طور پر مفت فراہم کیے گئے، جن کے تمام تر اخراجات حرم مقدس حسینی کی جانب سے ادا کیے گئے ہیں۔"

واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی کی ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اتھارٹی سے وابستہ امام ہادی علیہ السلام سینٹر برائے عضلاتی و اعصابی امراض، ان سپیشلائزڈ طبی اداروں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جنہیں حرم حسینی نے قائم کیا ہے تاکہ عراق کے تمام صوبوں سے آنے والے عضلاتی اور اعصابی امراض کے مریضوں کو جدید ترین تشخیصی و علاجاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

: توصیف رضا خان