مشترکہ تحقیق اور ترقی کے فروغ کے لیے: حرم مقدس حسینی سے وابستہ جامعہ الزہراء (علیہا السلام) برائے طالبات اور جامعہ سہل نینویٰ کے درمیان علمی و تعلیمی تعاون کے معاہدے پر دستخط

حرم مقدس حسینی سے وابستہ جامعہ الزہراء (علیہ السلام) برائے طالبات نے سھل نینویٰ پرائیویٹ یونیورسٹی کے ساتھ ایک علمی اور تعلیمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد سائنسی تحقیق کی حمایت، تجربات کا تبادلہ اور تعلیمی پروگراموں کو فروغ دینا ہے۔

جامعہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "حرم مقدس حسینی کے زیر انتظام جامعہ الزہراء (علیہ السلام) برائے طالبات کی سربراہ ڈاکٹر زینب الملا السلطانی نے سھل نینویٰ پرائیویٹ یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر خزعل یاسین مصطفیٰ کا استقبال کیا۔ یہ ایک سرکاری دورہ تھا جس کا مقصد دونوں جامعات کے درمیان تعلیمی و علمی تعاون کے رشتوں کو مضبوط بنانا اور تجربات کا تبادلہ کرنا تھا۔"

بیان میں وضاحت کی گئی کہ "اس دورے کا مقصد دونوں جامعات کے درمیان علمی روابط کو فروغ دینا، تعلیمی پروگراموں کی ترقی، مشترکہ سائنسی سرگرمیوں بشمول کانفرنسوں، سیمینارز اور خصوصی ورکشاپس کا انعقاد کرنا ہے۔"

مزید بتایا گیا کہ "اس دورے کا اختتام دونوں جامعات کے درمیان ایک علمی اور تعلیمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کے ساتھ ہوا، جو مشترکہ تحقیقی منصوبوں کی حمایت، علمی تجربات کے تبادلے کی سہولت اور تعلیمی عملے کی تحقیقی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ایک اسٹریٹجک قدم ہے۔ اس اقدام سے تعلیمی و تحقیقی عمل کا معیار بلند ہوگا اور اعلیٰ تعلیم کے میدان میں دونوں جامعات کی قیادت مستحکم ہوگی۔"

دونوں جامعات نے مسلسل تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دینے اور تعلیمی و تحقیقی ترقی کے نئے افق کھولنے کے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ ایک ممتاز تعلیمی ادارے کے طور پر اپنی حیثیت کو مستحکم کیا جا سکے اور محققین و ماہرین تعلیم کی ایسی نسل تیار کی جا سکے جو معاشرے کی سائنسی اور فکری ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کی اہل ہو۔