صحنِ امام حسن مجتبیٰ (علیہ السلام) کی زمین پر.. حرم مقدس حسینی کے دار القرآن الکریم کی جانب سے روضہ مبارکِ امام حسین (علیہ السلام) کے قریب قرآنی محفل کا انعقاد

حرم مقدس حسینی کے دار القرآن الکریم کی جانب سے امام حسین (علیہ السلام) کے روضہ مبارک کے جوار میں، صحنِ امام حسن مجتبیٰ (علیہ السلام) کے لیے مختص زمین پر خدامِ امام حسین (علیہ السلام) کے اعزاز میں ایک قرآنی محفل کا انعقاد کیا گیا۔

قرآنی میڈیا سینٹر کے ذمہ دار وسام نذیر الدلفی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ: "حرم مقدس حسینی کے دار القرآن الکریم نے روضہ مبارک کے قریب اس مٹی پر قرآنی محفل سجائی ہے جو صحنِ امام حسن مجتبیٰ (علیہ السلام) کے لیے مخصوص کی گئی ہے۔"

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ: "اس محفل میں دونوں مقدس حرموں کے قاری و مؤذن سید مصطفیٰ الغالبی، سید آدم الحسینی اور شیخ میثم التمار نے تلاوت کا شرف حاصل کیا، جس کے بعد دار القرآن الکریم کے سربراہ شیخ ڈاکٹر خیر الدین علی الہادی نے خطاب کیا۔"

انہوں نے مزید بتایا کہ: "یہ اپنی نوعیت کی پہلی محفل ہے جو اس مٹی پر منعقد کی گئی ہے جہاں کربلا میں واقعۂ طف پیش آیا تھا۔ اس مقام کا تعین حرم مقدس حسینی کی جانب سے کی گئی زمین کی تہوں کے سائنسی مطالعے (پیڈولوجیکل اسٹڈیز) کے نتائج کی روشنی میں کیا گیا ہے، جو اس مبارک خطے کی مٹی کی ساخت سے متعلق ہیں۔"

واضح رہے کہ اس محفل میں امام حسین (علیہ السلام) کے خدام اور قرآن مجید کے خدمت گزاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس تقریب کو کربلا سیٹلائٹ چینل گروپ کے "قرآن کریم چینل" اور حرم مقدس حسینی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے براہِ راست نشر کیا گیا۔

منسلکات