حرم مقدس حسینی کی جانب سے امریکی جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے ساتھ علمی تعاون کا اعلان

حرم مقدس حسینی کے صحت اور طبی تعلیم کے ادارے نے امریکی جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے ساتھ ایک تعلیمی تعاون کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔ اس تزویراتی (اسٹریٹجک) اقدام کے تحت "وارث ہیلتھ لیڈرشپ" پروگرام کے لیے تعلیمی جڑواں پروگرام کا آغاز کیا جائے گا، جس کا مقصد طبی تعلیم کے معیار کو بلند کرنا اور عالمی معیارات کے مطابق ہیلتھ مینجمنٹ، کوالٹی اور مریضوں کی حفاظت کے تصورات کو فروغ دینا ہے۔

ادارے کے سربراہ ڈاکٹر حیدر العابدی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ:

"حرم مقدس حسینی کے صحت اور طبی تعلیم کے ادارے نے جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے ساتھ ایک علمی معاہدہ کیا ہے۔ یہ قدم طبی تعلیم کو بہتر بنانے اور عالمی سطح پر رائج ہیلتھ مینجمنٹ اور مریضوں کی سلامتی کے اصولوں کو نافذ کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔"

انہوں نے مزید تاکید کی کہ:

"یہ اشتراک مقامی اسناد کو بین الاقوامی علمی حیثیت عطا کرے گا۔ اس سے ایسے قومی کیڈر کی تربیت کے نئے افق کھلیں گے جو طبی اداروں کو اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ چلانے کے اہل ہوں گے، اور طبی انتظام و انقصرام (میڈیکل مینجمنٹ) میں عالمی سطح پر رائج بہترین طریقہ کار کا ساتھ دے سکیں گے۔"

ڈاکٹر العابدی نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا:

"یہ اقدام ملک میں ہیلتھ مینجمنٹ کے ماہرین کی شدید ضرورت کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ اس کا مقصد ایک ایسی پیشہ ور نسل تیار کرنا ہے جو غیر ملکی کمپنیوں پر انحصار کرنے کے بجائے خود عالمی معیارات کے مطابق طبی اداروں کا انتظام سنبھال سکے۔ یہ معاہدہ ہیلتھ سیکٹر میں طبی تعلیم اور قائدانہ تربیت کی ترقی میں ایک معیاری اضافہ ہے۔"

انہوں نے واضح کیا کہ ادارہ اپنی بین الاقوامی علمی شراکت داریوں کو وسعت دینے کے لیے کوشاں ہے تاکہ طبی اداروں میں کوالٹی اور گڈ گورننس کو مستحکم کیا جا سکے اور انسانی وسائل کی کارکردگی میں اضافہ ہو، جس کا براہ راست مثبت اثر شہریوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات پر پڑے گا۔

یہ علمی تعاون حرم مقدس حسینی کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت انسان کو صحت کے شعبے کی ترقی کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے اس میں سرمایہ کاری کی جاتی ہے۔ اس کا مقصد علم کی منتقلی اور عالمی تجربات کو مقامی سطح پر نافذ کرنا ہے تاکہ ایک ایسا قومی طبی نظام تعمیر کیا جا سکے جو پائیدار، مسابقتی اور معاشرے کی توقعات پر پورا اترنے والا ہو۔