عراق میں بے مثال طبی کامیابی.. حضرت زینب کبریٰ (سلام اللہ علیہا) آئی سینٹر ریکارڈ وقت میں سفید موتیے کا تیز ترین آپریشن کرنے میں کامیاب

حرم مقدس حسینی کے تعاون سے چلنے والے حضرت زینب کبریٰ (سلام اللہ علیہا) اسپیشلائزڈ سرجیکل آئی سینٹر نے عراق کی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا طبی اعزاز حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے، جہاں ریکارڈ وقت میں آنکھوں کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔

سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عدی السلامی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ: "حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا اسپیشلائزڈ سرجیکل آئی سینٹر نے سفید موتیے کو نکالنے کا تیز ترین آپریشن صرف (01:16) یعنی ایک منٹ سولہ سیکنڈ میں مکمل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے، جس میں انتہائی درستگی اور بہترین نتائج کو یقینی بنایا گیا ہے"۔ انہوں نے واضح کیا کہ "یہ کامیابی عراق بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا ریکارڈ ہے"۔

انہوں نے مزید بتایا کہ: "یہ آپریشن پروفیسر ڈاکٹر غیاث الدین ثجیل نے معاون طبی عملے کے ہمراہ انجام دیا، جس میں جدید ترین آلات اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، جس کی بدولت آپریشن کے وقت میں کمی آئی اور اعلیٰ درجے کی درستگی حاصل ہوئی"۔

انہوں نے مزید کہا کہ: "یہ کامیابی تمام عراقی صوبوں سے آنے والے مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے میں اس سینٹر کی مہارت اور پیش قدمی کی عکاسی کرتی ہے"۔

یہ کامیابی حرم مقدس حسینی کی اس خواہش کا حصہ ہے جس کے تحت وہ طبی شعبے کی معاونت، طبی انفراسٹرکچر کی ترقی، ماہر طبی عملے کی بھرتی اور جدید ترین آلات و ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے عراق اور بیرونِ ملک سے آنے والے مریضوں کے لیے صحت عامہ کے معیار کو بلند کرنے کے لیے کوشاں ہے۔