حرمِ مقدس حسینی کے شعبۂ ترقی و تأہیلِ سماجی برائے نوجوان کے تحت شُعبۂ کشّافۃ الوارث نے ماہِ رمضان المبارک کے دوران اپنے اسکاؤٹس میں دینی اور ثقافتی اقدار کو مضبوط کرنے کی غرض سے ’’ربیع القلوب‘‘ نامی رمضان پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
شعبہ کے سربراہ جناب علی زکی التمیمی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’حرمِ مقدس حسینی کے شعبۂ ترقی و تأہیلِ سماجی برائے نوجوان کے زیرِ انتظام شُعبۂ کشّافۃ الوارث نے (ربیع القلوب) نامی رمضان پروگرام کا آغاز کیا ہے۔‘‘ انہوں نے نشاندہی کی کہ ’’اس پروگرام کا مقصد رمضان المبارک کے دوران اسکاؤٹ اراکین میں دینی اور ثقافتی اقدار کو مستحکم کرنا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ’’اس پروگرام میں مختلف سرگرمیاں شامل ہیں جو شرکاء کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ان میں جذبۂ اخوت کو بھی مضبوط کریں گی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس پروگرام میں قرآنی نشستیں شامل ہیں جن میں قرآنِ کریم کی تلاوت اور اس کے معانی و مفاہیم پر غور و فکر کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں اسکاؤٹس میں اسلامی معلومات اجاگر کرنے کی خاطر دینی و ثقافتی مسابقے منعقد کیے جاتے ہیں، جبکہ اخلاقی اقدار اور مثبت معاشرتی رویوں کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ثقافتی اور تربیتی لیکچرز بھی رکھے گئے ہیں۔‘‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’’رمضان کے بابرکت ماحول کو مزید تقویت دینے کے لیے اس پروگرام میں مقدس روضوں اور تاریخی مقامات کے دوروں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ شرکاء اسلامی ورثے سے واقف ہو سکیں اور روح پرور ماحول میں مذہبی شعائر ادا کر سکیں۔‘‘
پروگرام کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ’’(ربیع القلوب) رمضان پروگرام، حرمِ مقدس حسینی کے شعبۂ ترقی و تأہیلِ سماجی برائے نوجوان کے زیرِ انتظام شُعبۂ کشّافۃ الوارث کی اس کاوش کا حصہ ہے جس کا مقصد نوجوانوں کے دلوں میں اسلامی اصولوں کو راسخ کرنا اور انہیں اس بابرکت مہینے میں اللہ تعالیٰ کے قریب ہونے اور مفید دینی و علمی معارف حاصل کرنے کی ترغیب دینا ہے، تاکہ یہ تمام امور ایمان اور اخوت سے بھرپور فضا میں انجام پاسکیں۔‘‘