رئیس مذہب جعفریہ حضرت امام صادق علیہ السلام

آپ کا اسم مبارک جعفر بن محمد الصادق علیہم السلام ہے اور آپ کی مشہورکنیت "ابوعبداللہ" ہے جبکہ  دیگر روایات میں ابو اسماعیل ، ابوموسیٰ ، الفاضل ، الطاہر ، القائم ، الکامل اور المنجی ہیں ۔

آپ کی والدہ محترمہ سیدہ ام فروہ بنت القاسم بن محمد بن ابی بکر ابن ابی قحافہ ہیں ۔

آپ کی ولادت مدینہ منورہ میں 24 اپریل 702ء میں بمطابق 17 ربیع الاول 80ھ میں ہوئی اور آپ کی آمد کے بارے میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ نے فرمایا تھا اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ نے ہی آپ کو الصادق کے نام سے ہی لقب فرمایا تھا اور حدیث میں ذکر ہے کہ آںحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ نے فرمایا جب میرا بیٹا جعفر بن محمد بن علی ابن حسین ابن علی پیدا ہو تو ان کا نام الصادق رکھا جائے کیونکہ ان کے ہم زمان جعفر کذاب دعویٰ امامت کرینگے ۔

آپ علیہ السلام کی امامت ظاہرا 34 سال کے عرصے میں آپ کے والد محترم حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی شہادت کے ساتھ شروع ہوئی ۔

آپ نے جناب فاطمہ بنت الحسین الاثرم بن الحسن بن علی ابن ابیطالب علیہم السلام سے شادی کی اور علاوہ ازیں جناب حمیدہ البربریہ جو کہ حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی والدہ محترمہ ہیں جبکہ آپ کی اولاد میں سات بیٹے اور چار بیٹیاں تھیں جن میں اسماعیل (جن کی طرف مذہب اسماعیل قائل ہیں) ، عبداللہ ، موسی الکاظم، اسحاق، محمد ، علی(المعروف العریضی) اور عباس ہیں جبکہ دختران میں فاطمہ ،اسماء، فاطمہ صغریٰ اور ام فروہ سلام اللہ علیہم ہیں ۔

حضرت امام صادق علیہ السلام نے علوم دینیہ تک ہی نشر و اشاعت کو محدود نہیں رکھا بلکہ دیگر علوم مثلا ریاضیات و فلسفہ و علوم افلاک اور کیمسٹری جیسے علوم کے لئے بنیادیں ڈالیں اور آپ کے مشہور شاگردوں میں کیمیادان جابر بن حیان اور دیگر مسالک کے آئمہ ابو حنیفہ النعمان اور مالک بن انس تھے ۔

حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کو ابی جعفر منصور کے حکم پر زہر دی گئی جس کے باعث امام علیہ السلام کی شہادت واقع ہوئی

منسلکات