اے جابر بن عبداللہ ! میرا سلام میرے بیٹے کو پہنچانا

آپ کا مکمل تعارف محمد بن علی بن حسین بن علی بن ابیطالب بن عبد المطلب بن ہاشم بن عبد مناف بن قصی بن کلاب بن مرۃ بن کعب بن لؤی بن غالب بن فھر بن مالک بن قریش بن کنانہ بن خزیمہ بن مدرکہ بن الیاس بن مضر بن نزار معد بن عدنان ہے ۔

آپ علیہ السلام کی والدہ ماجدہ کا تعارف فاطمہ بنت حسن بن علی ابن ابیطالب بن عبدالمطلب بن ہاشم بن عبد مناف بن قصی بن کلاب بن مرۃ بن کعب بن لؤی بن غالب بن فھر بن مالک بن قریش بن کنانہ بن خزیمہ بن مدرکہ بن الیاس بن مضر بن نزار معد بن عدنان ہے ۔

آپ علیہ السلام 13 مئی 677ء بمطابق 1 رجب 57ھ کو عصمت امامت کے حضور مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے جبکہ دوسری روایت میں اسی سال 3صفر کے بارے میں بھی روایت ہے ۔ آپ واقعہ کربلاء مقدسہ کے وقت فقط 4 سال کی کم عمری میں تھے ۔روایات میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ نے آپ کی ولادت کے بارے میں پہلے خبر فرمائی تھی اور آپ کا نام محمد رکھا تھا۔ جبکہ جابر بن عبداللہ انصاری سے روایت ہے کہ ہم رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ کے حضور میں آپ کے حجرے میں تھے اور آپ نے حضرت امام حسین علیہ السلام کو گود میں لئے پیار فرما رہے تھے اور فرمایا میرے بیٹے حسین علیہ السلام کا ایک بیٹا ہوگا جس کا نام علی ہوگا اور قیامت کے دن جب منادی نداء دے گا کہ سید العابدین کہاں ہیں ؟ تو وہ بلند ہونگے جب کہ ان کا ایک بیٹا جس کا نام محمد ہوگا اور انہیں پالو تو میرا سلام پہنچانا !

دوسری روایت میں ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ نے فرمایا : اے جابر تم اس وقت تک زندہ رہوگے یہاں تک کہ میرے اس بیٹے سے ملوگے جس کا نام تورات میں باقر ہے اور وہ میرا بیٹا محمد بن علی بن الحسین بن علی ابن ابیطالب ہوگا اسے میرا سلام پہنچانا ۔

حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی ازواج دو تھیں جن میں :

۔سیدہ ام فروہ بنت القاسم بن محمد بن آبی ، جب کہ روایت میں آپ کا اسم گرامی فاطمہ اور ام فروہ کنیت مذکور ہے اور آپ سلام اللہ علیہا حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی والدہ ماجدہ ہیں ۔ ۔سیدہ ام حکیم بنت اسید بن المغیرہ بن الاخنس بن شریق الثقفیہ اور آپ جناب ابراہیم اور عبیداللہ علیہم السلام کی والدہ ہیں ۔

آپ علیہ السلام کی اولاد میں امام جعفر الصادق علیہ السلام ،عبداللہ ،ابراہیم ، عبید اللہ ، علی ، زینب ، ام سلمہ ہیں ۔

آپ علیہ السلام کی شہادت زہر آلود زین کی وجہ سے ہوئی جس پر آپ علیہ السلام سوار ہوئے اور زہر آلود ہونے کی وجہ سے تین دن بعد اپنے رب کرامت کی طرف لوٹ گئے ۔

منسلکات