حرم مقدس حسینی کے وارث انٹرنیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ میں لبلبے کے اندر صرف 2 ملی میٹر کا انتہائی چھوٹا ٹیومر کامیابی سے نکال دیا گیا

حرم مقدس حسینی کے ادارہ صحت و طبی تعلیم کے زیرِ انتظام وارث انٹرنیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ کی طبی ٹیم نے ایک 70 سالہ مریض کے لبلبے میں موجود انتہائی چھوٹے ٹیومر کی تشخیص اور کامیاب سرجری کے ذریعے اسے نکالنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ٹیومر کا حجم صرف 2 ملی میٹر تھا، جبکہ مریض خون میں شوگر کی سطح خطرناک حد تک کم ہونے کے بار بار دوروں میں مبتلا تھا۔

انسٹی ٹیوٹ نے جاری کردہ اپنے بیان میں بتایا کہ مریض خون میں شوگر کی شدید کمی کے متعدد دوروں کے بعد ادارے سے رجوع کیا تھا، تاہم ان دوروں کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی تھی۔ طبی معائنوں اور مختلف ٹیسٹوں کے بعد انکشاف ہوا کہ مریض کے لبلبے میں ایک انتہائی چھوٹا ٹیومر موجود ہے، جو ضرورت سے زیادہ انسولین خارج کرنے کا سبب بن رہا تھا، جس کے نتیجے میں خون میں شوگر کی سطح خطرناک حد تک گر جاتی تھی۔

بیان کے مطابق اس طبی پیچیدہ صورتحال کو مختلف شعبہ ہائے طب کے ماہرین پر مشتمل میڈیکل ٹیم کے سامنے پیش کیا گیا، جس نے علاج کے ممکنہ طریقوں کا جائزہ لینے کے بعد سرجری کا ایک جامع منصوبہ تیار کیا۔ ٹیومر کا حجم انتہائی کم ہونے کے باعث آپریشن کے دوران الٹراساؤنڈ کی مدد سے اس کی درست جگہ کا تعین کیا گیا، جس کے بعد اسے کامیابی سے نکال دیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مریض بہترین صحت کی حالت میں انسٹی ٹیوٹ سے رخصت ہو گیا ہے اور آپریشن کے بعد اب تک اسے خون میں شوگر کی شدید کمی کا کوئی نیا دورہ پیش نہیں آیا، جو جراحی مداخلت کی کامیابی اور اختیار کیے گئے طبی طریقہ کار کی درستگی کا ثبوت ہے۔

یہ کامیاب آپریشن وارث انٹرنیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جدید طبی ٹیکنالوجی، ماہر ڈاکٹروں کی صلاحیتوں اور مختلف طبی شعبوں کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے پیچیدہ اور حساس بیماریوں کی تشخیص اور علاج کے لیے جاری خدمات کا حصہ ہے۔