حرم مقدس حسینی کی جانب سے کرکوک میں ولادتِ حضرت زینبؑ کی مناسبت سے ’’فورمِ اقدار‘‘ کا انعقاد

حرم مقدس حسینی کے شعبۂ نگہداشتِ نوجوانان، جو شعبۂ ترقی و سماجی تربیتِ نوجوانان کے تحت کام کرتا ہے، نے صوبۂ کرکوک میں حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے یومِ ولادت کی مناسبت سے نوجوانوں کی شرکت کے ساتھ ’’فورمِ اقدار‘‘ کے عنوان سے ایک پروگرام منعقد کیا۔

شعبے کے انچارج احمد شمس الدین نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حرم مقدس حسینی کے متولیِ شرعی شیخ عبد المہدی کربلائی کی ہدایت پر یہ پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ فورم کے دوران حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی مبارک سیرت پر ایک فکری لیکچر پیش کیا گیا، جس سے اعلیٰ دینی مرجعیت کے نمائندے سید قمبر الموسوی نے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ منقبت خوانی اور اہل بیت علیہم السلام سے محبت و عقیدت کا اظہار کرنے والے قصائد بھی پیش کیے گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پروگرام میں فکری، ثقافتی اور منقبت خوانی کے مختلف حصے شامل تھے، جن کا مقصد اخلاقی اقدار کو فروغ دینا اور اہل بیت علیہم السلام سے وابستگی کو مضبوط بنانا تھا۔ اسی طرح ثقافتی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا اور شریک نوجوانوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

احمد شمس الدین کے مطابق، اس پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں پر خصوصی توجہ دینا اور ان کے اندر اخلاقی و اقداری نظام کو مستحکم کرنا ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ حرم مقدس حسینی کا شعبۂ ترقی و سماجی تربیتِ نوجوانان، شعبۂ نگہداشتِ نوجوانان کے ذریعے مختلف پروگرام اور سرگرمیاں منعقد کرتا ہے، جن کا مقصد نوجوانوں کو علم و مہارت سے آراستہ کرنا، ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور معاشرے میں اخلاقی اقدار اور اصیل اصولوں کو راسخ کرنا ہے۔