حرم مقدس حسینی کے شعبہ انجمن ہائے حسینی و عزاداری مواکب نے چہلمِ امام حسین (علیہ السلام) کے موقع پر شریک مواکب کو فراہم کی جانے والی خدمات اور تنظیمی سہولیات کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جن کی بدولت ہزاروں مواکب کی آمد و رفت بغیر کسی رکاوٹ اور انتہائی بہترین نظم و ضبط کے ساتھ ممکن ہوئی۔
شعبے کے نائب سربراہ انجینئر رأفت عبد عون رحیم نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شعبے، کربلا کے مقامی نمائندوں اور معاون شعبہ جات کی باہمی کوششوں سے اربعین کا تنظیمی پلان مکمل طور پر کامیاب رہا، جس کے تحت مواکب کی نقل و حرکت انتہائی ہموار رہی اور کسی قسم کی بے ضابطگی سامنے نہیں آئی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ جاری کردہ اجازت ناموں اور ضمانتوں کی مجموعی تعداد 15,818 رہی، جو خدماتی اور ماتمی مواکب میں تقسیم کی گئیں۔ ان میں 885 سے زائد ماتمی مواکب شامل تھے جنہوں نے بابِ قبلہ سے حرمِ مطہر کے اندر باری باری تین راستوں (جمہوریہ روڈ، مرکزیہ روڈ، اور مخیم روڈ) کے ذریعے اپنا ماتم پیش کیا۔ مزید برآں، پرانے شہر (اولڈ سٹی) میں حرم مقدس حسینی کی حدود کے اندر 654 خدماتی مواکب رجسٹرڈ کیے گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امسال پچھلے سالوں کے مقابلے میں انتظامات اور تنظیمی ڈھانچہ انتہائی مربوط اور منظم تھا جس سے اس ملین مارچ کی کامیابی یقینی بنی۔ تمام صوبوں کے لیے مخصوص نظام الاوقات اور ٹائم ٹیبل طے کیا گیا تھا، جس کے تحت ماہِ صفر کی 13، 14 اور 15 تاریخ قافلہ جاتی عزاداری (مواكب الظعن)، 16 اور 17 تاریخ زنجیر زنی کے ماتم، جبکہ 18 اور 19 تاریخ نوحہ خوانی و سینہ زنی کے ماتمی دستوں کے لیے مختص کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ حرم مقدس حسینی اربعینِ حسینی کے موقع پر کربلا آنے والے لاکھوں زائرین اور حسینی مواکب کی سہولت اور نقل و حرکت کو منظم و محفوظ بنانے کے لیے سالانہ بنیادوں پر اپنے تمام تر خدماتی اور تنظیمی وسائل بروئے کار لاتا ہے۔
