حرم مقدس حسینی سے منسلک 'سفیرِ امام حسین (علیہ السلام) سرجیکل ہسپتال' نے کربلا معلیٰ آنے والے زائرین کو بہترین طبی و صحتی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے، 1500 سے زائد ڈاکٹروں اور رضا کاروں کی شرکت اور 400 بستروں کی گنجائش کے ساتھ، زیارتِ اربعینِ امام حسین (علیہ السلام) کے لیے اپنے مخصوص منصوبے پر عمل درآمد کے لیے تمام طبی و صحتی صلاحیتوں کو متحرک کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹو ڈائریکٹر انجینئر عباس عبد علی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "اعلیٰ مذہبی مرجعیت کے نمائندے شیخ عبدالمهدی الکربلائی کی ہدایت پر سفیرِ امام حسین (علیہ السلام) سرجیکل ہسپتال نے فیلڈ ہسپتالوں، ایمرجنسی سینٹرز، اور مستقل و متحرک میڈیکل کیمپوں کے ذریعے اربعین واک کے صحت سے متعلق منصوبے کو نافذ کرنے کے لیے اپنے تمام انسانی اور طبی وسائل کو متحرک کر دیا ہے، تاکہ زائرین کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا سکیں"۔
انہوں نے وضاحت کی کہ "طبی منصوبے کے تحت صحنِ مطہر حسینی کے اندر اور باہر 300 بستر، جبکہ سفیرِ امام حسین (علیہ السلام) سرجیکل ہسپتال میں 100 بستر مختص کیے گئے ہیں، جس سے بستروں کی مجموعی تعداد 400 ہو جاتی ہے"۔
انہوں نے مزید کہا کہ "اس منصوبے کی عمل آوری میں 1200 رضاکار اور ہسپتال کے 396 ڈاکٹر (جن میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور ڈینٹسٹ شامل ہیں) شب و روز طبی دیکھ بھال فراہم کرنے کے لیے حصہ لے رہے ہیں"۔
ان کا کہنا تھا کہ "نکاسی (ایویکیوئیشن) کی جگہوں میں صحنِ عقیلہ زینب (علیہا السلام) کا فیلڈ ہسپتال (60 بستروں کی گنجائش)، اور سفیرِ امام حسین (علیہ السلام) سرجیکل ہسپتال (100 بستروں کی گنجائش اور 4 آپریشن تھیٹر) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شارع الشهداء کے ایمرجنسی سینٹر کو مکمل ہونے کے بعد اس سال کے میڈیکل پلان میں شامل کیا گیا ہے تاکہ وہ طبی سہولیات کے لیے ایک جدید مرکز کے طور پر کام کر سکے، نیز صحنِ مطہر حسینی کے اندر دو ایمرجنسی سینٹرز (ایک مردانہ اور ایک زنانہ) قائم کیے گئے ہیں"۔
انہوں نے اشارہ کیا کہ "نکاسی کے اس منصوبے میں 30 بڑی اور 12 چھوٹی ایمبولینسز شامل ہیں، جبکہ 'سیدہ خدیجہ الکبریٰ (علیہا السلام) وومن ہسپتال' کو خواتین کے کیسز کی منتقل کے لیے معاون ہسپتال بنایا گیا ہے۔ دل اور اعصابی نظام (نیورولوجی) کے کیسز کے لیے 'امام زین العابدین (علیہ السلام) ہسپتال' کو مختص کیا گیا ہے، اس کے ساتھ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی جانب موجود 'سیدہ زینب الکبریٰ (علیہا السلام) سینٹر' کو 25 بستروں کا جدید ایمرجنسی سینٹر بنایا گیا ہے"۔
انہوں نے بتایا کہ "طبی منصوبے میں کربلا کے محکمہ صحت کے آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ بھی تعاون شامل ہے، تاکہ پرانے شہر کے اطراف، صحنِ مطہر حسینی کے گرد و نواح اور اندرونی حصوں میں 250 متحرک پیرا میڈیکس کو تعینات کیا جا سکے"۔
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ "ہسپتال نے 24 گھنٹے فعال رہنے والے 4 آپریشن تھیٹرز کو 9 طبی شعبہ جات کے لیے مختص کیا ہے، تاکہ زیارتِ اربعین کے تمام ایام میں زائرین کو بلا تعطل صحتی و طبی خدمات فراہم کی جا سکیں"۔
حرم مقدس حسینی کربلا معلیٰ کی جانب آنے والے اندرون و بیرونِ ملک کے زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنے تمام خدماتی، طبی، انجینئرنگ، تنظیمی اور میڈیا کے شعبوں و اداروں کو الرٹ رکھتے ہوئے، اور مختلف راستوں پر اپنے انسانی و لاجسٹک وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے زیارتِ اربعین کے جامع منصوبے پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔
