120 ٹن۔۔ حرم مقدس حسینی کا شعبہ دیکھ بھال مواکب اور زائرین کے لیے برف فراہم کر رہا ہے

حرم مقدس حسینی کے شعبہ دیکھ بھال نے عاشورہ محرم کے موقع پر زائرین اور حسینی مواکب کے لیے مخصوص مراکز کے ذریعے برف کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔

شعبے کے سربراہ انجینئر عبد الحسن محمد نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "حرم مقدس حسینی کے شعبہ دیکھ بھال نے شہر کے وسط میں واقع مخصوص مراکز کے ذریعے حسینی مواکب اور زائرین کو برف فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی منصوبہ تیار کیا ہے۔"

انہوں نے وضاحت کی کہ "اس منصوبے کے تحت صحنِ حسینی شریف کے قریب شارع شہداء پر واقع فیکٹری کے کام کو تیز کر دیا گیا ہے۔ اس جگہ پر برف کی پیداوار کے دو یونٹس (پلانٹس) موجود ہیں۔ پہلے پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 24 گھنٹوں میں 70 ٹن ہے، جب کہ دوسرے پلانٹ کی پیداوار اسی مدت میں 50 ٹن تک پہنچ جاتی ہے۔ اس طرح دونوں پلانٹس کی مجموعی روزانہ کی پیداوار 120 ٹن ہو جاتی ہے، تاکہ بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کیا جا سکے اور زائرین کی ضروریات کو احاطہ کیا جا سکے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "کربلا معلیٰ میں موجود حسینی مواکب کے ساتھ ساتھ زائرین کو بھی برف کی فراہمی کے لیے ایک خاص طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔"

انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ "برف کی تیاری عالمی معیار کی جدید ترین فیکٹریوں کے ذریعے کی جا رہی ہے،" اور واضح کیا کہ "فیکٹریوں سے تیار ہونے والی تمام برف کا روزانہ کی بنیاد پر لیبارٹری ٹیسٹ کیا جاتا ہے تاکہ اس کے معیار اور موزونیت کی تصدیق کی جا سکے۔"

واضح رہے کہ اعلیٰ مذہبی قیادت (مرجعیت عالیہ) کے نمائندے اور حرم مقدس حسینی کے متولی شرعی شیخ عبد المہدی الکربلائی کی ہدایات کے مطابق، حرم مقدس حسینی کے تمام شعبے، عملہ اور اس سے وابستہ ادارے زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح متحرک ہیں۔