ایک ہفتے کے دوران.. حرم مقدس حسینی کا امام زین العابدین (علیہ السلام) اسپتال میں بچوں کے 18کامیاب اوپن ہارٹ آپریشنز کرنے کا اعلان

حرم مقدس حسینی کے صحت اور طبی تعلیم کے ادارے سے وابستہ امام زین العابدین (علیہ السلام) ٹیچنگ اسپتال نے ایک ہفتے کے دوران پیدائشی طور پر دل کی پیچیدہ بیماریوں میں مبتلا 18 بچوں کے کامیاب اوپن ہارٹ آپریشنز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسپتال کے میڈیا مینوجر مصطفیٰ موسوی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "حرم مقدس حسینی کے ماتحت امام زین العابدین (علیہ السلام) ٹیچنگ اسپتال نے عراقی وزارتِ صحت کے تعاون اور یورپی سینٹر سے تعلق رکھنے والی ماہر جارجین طبی ٹیم کی شرکت کے ساتھ، ایک ہفتے میں 18 بچوں کے دل کے کامیاب آپریشنز کیے ہیں۔ یہ آپریشنز میڈیکل ریکروٹمنٹ پروگرام کے تحت کیے گئے ہیں۔"

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ "اسپتال بچوں کے دل کی جراحی کے شعبے میں نمایاں کامیابی حاصل کر رہا ہے، جہاں انتہائی باریک بین جراحیوں کا ایک سلسلہ کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے، اور رواں ماہ کے دوران مزید پیچیدہ کیسز پر کام جاری ہے۔"

ان کا کہنا تھا کہ "یہ آپریشنز حرم مقدس حسینی کے ان منصوبوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد ملک کے اندر ہی بہترین اور جدید طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔ کیسز کا انتخاب بیماری کی پیچیدگی کی بنیاد پر کیا گیا، اور سلامتی کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر تکنیکی وسائل اور معاون عملہ فراہم کیا گیا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "جارجین ٹیم کے ساتھ تعاون صرف آپریشنز تک محدود نہیں ہے بلکہ اس میں مقامی عملے کے ساتھ تجربات کا تبادلہ اور انہیں بچوں کے دل اور سینے کی جراحی کی جدید ترین عالمی تکنیکوں کی تربیت دینا بھی شامل ہے۔"

یہ اقدامات مقامی صحت کے اداروں اور بین الاقوامی ماہرین کے درمیان اشتراک کو مضبوط بنانے کی کڑی ہیں، تاکہ علاج کی سہولیات ملک کے اندر ہی میسر ہوں، شہریوں پر مالی و اخلاقی بوجھ کم ہو اور پیچیدہ علاج کے لیے بیرونِ ملک سفر کرنے کی ضرورت کو ختم کیا جا سکے۔