حرم مقدس حسینی کے سیکرٹری جنرل جناب حسن رشید جواد العبایجی نے وارث الانبیاء (علیہ السلام) یونیورسٹی کی علمی اور تعلیمی کامیابیوں کو سراہا ہے۔ یہ ستائش یونیورسٹی کی جانب سے سال 2025 کے دوران حاصل کی گئی مقامی اور بین الاقوامی کامیابیوں کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کی گئی۔
حرم مقدس حسینی کے سیکرٹری جنرل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ: "وارث الانبیاء (علیہ السلام) یونیورسٹی نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ حرم مقدس حسینی کی انتظامیہ کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ گزشتہ برسوں کے دوران یونیورسٹی نے جو ترقی کی ہے، بالخصوص سال 2025 میں عراقی اور عرب جامعات کی سطح پر رینکنگ میں جو بڑی چھلانگ لگائی ہے، وہ قابلِ ذکر ہے۔" انہوں نے مزید واضح کیا کہ "یہ کامیابیاں اس علمی معیار (رصانہ) کا ثمر ہیں جو اس یونیورسٹی کو حاصل ہے۔"
انہوں نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ "یونیورسٹی نے اپنے فارغ التحصیل طلبہ کی سطح پر ایک واضح مثبت اشارہ (انڈیکیٹر) ریکارڈ کیا ہے، جنہوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور برتری کا لوہا منوایا ہے۔ خاص طور پر تشخیصی امتحانات میں ان طلبہ کی بڑی تعداد نے نمایاں پوزیشنز اور کامیابی کا بلند تناسب حاصل کیا، اور دیگر جامعات کے اپنے ساتھیوں کے ساتھ بھرپور مقابلہ کیا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ: "ان نتائج کا سہرا یونیورسٹی کی صدارت، کونسل، کالجز کے ڈینز، تدریسی عملے اور انتظامی عملے کی انتھک کوششوں کے سر ہے، اور ہم ان تمام بڑی کامیابیوں اور ثمرات پر ان کے مشکور ہیں۔"
واضح رہے کہ وارث الانبیاء (علیہ السلام) یونیورسٹی حرم مقدس حسینی کے سیکرٹریٹ سے وابستہ تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے، جس نے کئی مقامی، عرب اور بین الاقوامی رینکنگز میں نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں۔
