حرم مقدس حسینی کے زیر انتظام، زائرین کے لیے قائم سید الاوصیاء (علیہ السلام) ماڈرن سٹی، اربعین کے زائرین کو خدمات کی فراہمی کے اپنے خصوصی منصوبے پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے، جس کا مقصد امام حسین (علیہ السلام) کے روضہ مبارک کی طرف آنے والے زائرین کو اعلیٰ ترین سطح کی خدمات پیش کرنا ہے۔
شہر کے ڈپٹی ڈائریکٹر، جناب حازم ثامر نے کہا کہ، "حرم مقدس حسینی کے زیر انتظام سید الاوصیاء (علیہ السلام) ماڈرن سٹی، (کربلا مقدسہ - بغداد) کے راستے سے آنے والے اربعین کے زائرین کو خدمات فراہم کرنے کے اپنے منصوبے پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ امام حسین (علیہ السلام) کے روضے پر آنے والوں کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔"
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ "شہر کئی محوروں پر کام کر رہا ہے، جن میں سے ایک خدماتی محور ہے جس کے تحت دو منزلوں پر مشتمل (22) ہال تیار کیے گئے ہیں، جو زائرین کی خدمت کے لیے تمام تر سہولیات سے آراستہ ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "دوسرے محور کے تحت، شہر کے اندر اور باہر دو میزبان خانے (لنگر خانے) تیار کیے گئے ہیں، تاکہ زائرین کو روزانہ تین وقت کا کھانا فراہم کیا جا سکے۔"
انہوں نے اشارہ کیا کہ "شہر کی انتظامیہ کے تعاون سے، حرم مقدس حسینی کے مختلف شعبہ جات اور دیگر دینی و ثقافتی اداروں کی جانب سے بھی بہت سی دیگر خدمات پیش کی جا رہی ہیں۔"
واضح رہے کہ زائرین کے لیے سید الاوصياء (عليه السلام) ماڈرن سٹی، حرم مقدس حسینی کے زیر انتظام اہم ترین خدماتی مراکز میں سے ایک ہے، جو (کربلا مقدسہ - بغداد) کے راستے پر واقع ہے۔ یہ شہر سال بھر ہزاروں زائرین کا استقبال کرتا ہے، جبکہ اربعین کی زیارت کے دوران اس کی اسٹریٹجک پوزیشن اور بڑی گنجائش کی وجہ سے اس کی خدمات سے مستفید ہونے والوں کی تعداد کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔