آپ کا اسم گرامی محمد بن الحسن بن علی بن محمد بن علی موسیٰ بن جعفر بن محمد بن علی بن الحسین بن علی ابن ابیطالب علیہم السلام ہے ۔
آپ کے القاب المھدی ، المنتظر ، القائم ، بقیۃ اللہ الاعظم ، صاحب الزمان ہیں اور آپ علیہ السلام کی کنیت ابوالقاسم ہے
آپ کے والد حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام گیارہویں امام ہیں ۔
آپ علیہ السلام کی والدہ محترمہ سیدہ نرجس بنت یشوعا جو کہ قیصر روم کی پوتی اور آپ کا شجرہ نسب والدہ کی طرف سے جناب شمعون سے ملتا ہے جو کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حواریوں میں سے تھے ۔
حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی ولادت 15 شعبان 255ھ کو سامراء عراق میں ہوئی ۔
آپ کی عمر مبارک کا علم اللہ تعالیٰ کے پاس ہے اور وہ زندہ ہیں اور رزق پا رہے ہیں اور اس وقت پردہ غیبت میں ہیں اور آپ علیہ السلام کی غیبت کبریٰ کا آغاز 329ھ میں ہوا جو کہ آج تک جاری ہے ، اللہ تعالیٰ امام زمانہ علیہ السلام کے ظہور میں تعجیل فرمائے اور ہمیں ان کے اعوان و انصار میں سے قرار دے ۔
آپ علیہ السلام کی مدت امامت اول ربیع الاول یا 8 ربیع الاول 260ھ سے تا مشیت الہٰی تک قائم ہے ۔
آپ علیہ السلام کی انگشتری کا نقش العلم عند اللہ ولا یعلم الغیب الااللہ وانی حجۃ اللہ ہے
امام زمانہ علیہ السلام کے ظہور کی علامات میں سے سفیانی کا خروج اور حسنی کی شہادت اور بنو عباس کا حکومت کے لئے جھگڑنا اور نیمہ رمضان میں سورج گرھن اور آخر رمضان میں چاند گرھن جو کہ خلاف عادت ہوگی ، بیداء کے مقام پر زمین کا دھنس جانا ،مغرب میں زمین کا دھنس جانا ،مشرق میں زمین کا دھنس جانا اور سورج کا مغرب سے طلوع ہونا اور رکن و مقام کے درمیان ایک ہاشمی کا قتل کیا جانا اور پشت کوفہ میں ایک نفس زکیہ کا قتل اور مسجد کوفہ کی دیوار کا گرایا جانااور خراسان سے کالے جھنڈوں کی آمد شامل ہیں ۔